یمن پر سعودی جارحیت میں مزید متعدد عام شہریوں کی شہادت
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i215989-یمن_پر_سعودی_جارحیت_میں_مزید_متعدد_عام_شہریوں_کی_شہادت
یمن کے مختلف صوبوں کے رہائشی علاقوں پر سعودی لڑاکا طیاروں کی وحشیانہ جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Mar ۱۳, ۲۰۱۶ ۰۳:۵۰ Asia/Tehran
  • یمن پر سعودی جارحیت میں مزید متعدد عام شہریوں کی شہادت

یمن کے مختلف صوبوں کے رہائشی علاقوں پر سعودی لڑاکا طیاروں کی وحشیانہ جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی لڑاکا طیاروں نے صوبے مآرب میں صرواح کے رہائشی علاقوں کو تین بار اپنی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا جہاں کئی عام شہری شہید و زخمی ہو گئے۔ صنعا میں بنی جیر کے رہائشی علاقے پر بھی سعودی عرب کی جارحیت میں پانچ عام شہری شہید ہوئے ہیں جن میں تین بچّے شامل ہیں۔

دوسری جانب یمن کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ صوبے تعز کے علاقے جبل حبشی کے قریب ہونے والی جھڑپوں میں متعدد سعودی آلۂ کار ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکار دستوں نے صوبے تعز کے علاقے الوازعیہ میں سعودی آلۂ کار وں کے متعدد ٹھکانوں کو اپنے میزائلوں کا نشانہ بنایا جہاں ان دہشت گرد عناصر کو شدید نقصان پہنچا۔

واضح رہے کہ یمن پر تقریبا گذشتہ ایک سال سے سعودی عرب کے جاری حملوں میں اب تک کم از کم آٹھ ہزار، چار سو، یمنی شہری شہید اور سولہ ہزار سے زائد دیگر زخمی ہو چکے ہیں جبکہ اس ملک کی بنیادی تنصیبات کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے۔