شامی فوج نے پالمیرا شہر میں اپنی پوزیشن مضبوط بنالی
شامی فوج نے شہر تدمر یا پالمیرا میں داخل ہونے کے بعد اپنے ٹھکانے مضبوط بنا لئے۔
ذرائع کے مطابق شامی فوج نے شہر پالمیرا میں داخل ہونے کے بعد مختلف علاقوں سے بارودی سرنگوں کو صاف کئے جانے کی کارروائی شروع کردی ہے اور اس شہر میں اپنے ٹھکانے مضبوط بنا لئے ہیں۔ تدمر یا پالمیرا شہر کی آزادی کے بعد اب شامی فوج کے لئے الہیل آئل فیلڈ کو آزاد کرانا آسان ہو گیا ہے اور تدمر کے شمال میں دو علاقوں کی آزادی کے ساتھ ہی دہشت گردوں کے لئے دیرالزور سے الرقہ آنے جانے اور ہتھیار منتقل کرنے کا راستہ منقطع کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
شہر تدمر کے ایئر پورٹ سے بھی دہشت گردوں کا صفایا کردیا گیا جہاں شامی فوج اس کے اطراف کے علاقوں سے بارودی سرنگیں صاف کر رہی ہے۔
شہر تدمر یا پالمیرا کو آزاد کرانے کی کارروائی میں شامی فوج کے ہاتھوں ساڑھے چار سو سے زائد دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ یہ شہر مشرق کی طرف شامی فوج کی پیشقدمی کا دروازہ شمار ہوتا ہے جس کی بناء پر شہر دیرالزور کا محاصرہ توڑنے کی کارروائی کسی بھی وقت- شروع کی جا سکتی ہے۔