عراق: صوبے نینوا میں داعش کی جارحیت
عراق کے صوبے نینوا میں کرد پیشمرگہ ملیشیا پر داعش دہشت گرد گروہ کے حملے میں متعدد افراد جاں بحق و زخمی ہو گئے۔
عراقی ذرائع نے جمعے کو اعلان کیا ہے کہ داعشی دہشت گردوں نے صوبے نینوا کے شہر مخمور میں وحشیانہ حملہ کیا ہے جس میں کرد پیشمرگہ ملیشیا کے پانچ جوان جاں بحق اور تیرہ دیگر زخمی ہو گئے۔ عراقی کرد حکام کا کہنا ہے کہ داعشی دہشت گرد، کرد سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں کے خلاف بارود سے بھری گاڑیوں کا استعمال کر کے لوگوں کا قتل عام کر رہے ہیں۔
داعشی دہشت گردوں کی جانب سے یہ حملے اس بناء پر کئے جا رہے ہیں کہ کرد پیشمرگہ ملیشیا نے داعشی دہشت گردوں کی مخمور میں داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔
جمعرات کو بھی مخمور میں پولیس ہیڈکوارٹر پر داعشی دہشت گردوں کے حملے میں دو پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ عراقی فوج، عوامی رضاکار سیکورٹی فورسز اور کرد پیشمرگہ ملیشیا نے بدھ کے روز سے صوبے نینوا کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کی کارروائیاں شروع کی ہیں۔ صوبے نینوا کا صدر مقام موصل، اس وقت داعش دہشت گرد گروہ کا سب سے بڑا گڑھ بنا ہوا ہے۔