غزہ پر صیہونی فوج کی بربریت میں ایک فلسطینی کی شہادت
غزہ پر صیہونی فوج کی جاری جارحیت میں ایک فلسطینی عورت شہید ہو گئی۔
المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے جنوب میں واقع شہر خان یونس پر صیہونی فوج کی بربریت میں ایک فلسطینی عورت شہید ہو گئی۔ غزہ کے مختلف علاقوں پر صیہونی حکومت کی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور جمعرات کے روز اس بربریت میں ایک فلسطینی عورت کے شہید ہونے کے علاوہ چار دیگر فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ وہ جمعے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے تشکیل پانے والے غیر رسمی اجلاس میں فلسطینیوں کی جان و مال کا تحفظ کئے جانے کا مطالبہ کریں گے۔
واضح رہے کہ غزہ کے علاقوں پر صیہونی فوجیوں کی جاری جارحیت، اس علاقے میں طے پانے والے فائر بندی کے سمجھوتے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اس سمجھوتے پر اگست دو ہزار چودہ میں دستخط کئے گئے تھے۔ دو ہزار چودہ میں غزہ پر صیہونی حکومت کی پچاس روزہ جارحیت میں دو ہزار تین سو سے زائد فلسطینی شہید اور ہزاروں دیگر زخمی ہو گئے تھے۔