بین الاقوامی اداروں سے عراق کی درخواست
عراق کی عوامی رضاکار فورس نے بین الاقوامی اداروں سے درخواست کی ہے کہ وہ فلوجہ کے پناہ گزینوں کی صورتحال کے بارے میں متعصب اور جانبدار ذرائع ابلاغ کی جعلی رپورٹوں پر یقین کرنے کے بجائے ، ان پناہ گزینوں کے کیمپوں کا دورہ کریں-
العالم ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ایک عہدیدار کریم النوری نے بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ بعض ذرائع ابلاغ کی جعلی رپورٹوں سے متاثر نہ ہوں اور وہ خود فلوجہ کے کمیپوں میں جاکر وہاں موجود پناہ گزینوں کی صورتحال سے باخبر ہوں-
کریم النوری نے کہا کہ سات ہزار سے زیادہ پناہ گزینوں کو فلوجہ کے عامریہ علاقے میں رہائش دی گئی ہے اور وہ حملوں سے محفوظ ہیں- عراق کی رضاکار فورس کے اس سینئر عہدیدار نے کہا کہ حتی اس بیان میں، کہ جسے امریکہ نے جاری کیا ہے، داعش کے ہاتھوں سے فرار کرنے والے عام شہریوں پر کسی بھی قسم کے حملے کی تصدیق نہیں کی گئی ہے-
واضح رہے کہ سعودی عرب سے وابستہ بعض ذرائع ابلاغ نے جعلی خبریں شائع کرکے اس بات کا دعوی کیاہے کہ عراقی فوجی، پناہ گزینوں کو شہر فلوجہ میں قتل کر رہے ہیں-
عراق میں قبائلی رضاکار فورس کے ایک کمانڈر فیصل العیساوی نے حال ہی میں قطر کے الجزیرہ ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو میں، فلوجہ میں عراق کی سیکورٹی فورس کے ہاتھوں عام شہریوں کو سرکوب کئے جانے پر مبنی الجزیرہ کے دعوے کے بارے میں کہاتھا کہ ایسا بالکل نہیں ہے اور اگر فلوجہ سے خارج ہونے والے ہرفرد سے یہ پوچھا جائے تو وہ یہی کہیں گے کہ عراق کی سیکورٹی فورس کا ان کے ساتھ رویہ انتہائی اچھا ہے-