یمن میں دہشت گردانہ بم دھماکے، متعدد افراد شہید و زخمی
وسطی اور شمال مغربی یمن میں ہونے والے دو بم دھماکوں میں درجنوں عام شہری شہید و زخمی ہو گئے۔
لبنان کے المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مرکزی یمن کے صوبے اب میں الرضمہ کے بازار میں ہونے والے ایک دہشت گردانہ بم دھماکے میں کم از کم سات افراد شہید اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔
دوسرا دہشت گردانہ بم دھماکہ شمال مغربی یمن کے شہر حجہ کے ایک بازار میں ہوا جس میں بیس سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
دریں اثنا یمنی فوج اورعوامی رضاکاروں نے شمالی یمن کے صوبے الجوف میں واقع المتون علاقے میں سعودی پٹھو فوجیوں کی پیش قدمی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ اس کارروائی میں پٹھو فوجیوں کو خاصا نقصان پہنچا۔
یمنی فوج کے تابڑتوڑ حملوں کے نتیجے میں جنوبی یمن کے بعض علاقوں میں جارح فوجی پیچھے ہٹنے پر بھی مجبور ہو گئے۔
یمن کے انسانی حقوق کے مرکز کی رپورٹ کے مطابق یمن پر سعودی عرب کی جارحیت کے نتیجے میں اب تک ستّائیس ہزار سے زائد عام شہری شہید و زخمی ہو چکے ہیں جن میں شہید ہونے والوں کی تعداد نو ہزار، تین سو، چھیاسٹھ ہے جبکہ سترہ ہزار، چھے سو، ترسٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔