یمن پر سعودی جارحیت
یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی جنگی طیاروں کی بمباری کا سلسلہ جمعرات کو بھی جاری رہا۔
یمنی ذرائع نے بتایا ہے کہ سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں کے جنگی طیاروں نے مختلف شہروں کے رہائشی علاقوں پر جمعرات کو بھی بمباری کی۔ اس رپورٹ کے مطابق سعودی جنگی طیاروں نے صوبہ تعز میں ایک کالج پر بھی بمباری کی۔ سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں نے صوبہ الجوف کے علاقے المتون پر گولہ باری بھی کی۔
دوسری طرف سعودی جارحیت کے جواب میں یمنی افواج کے حملوں میں سعودی اتحاد کے دسیوں فوجیوں کی ہلاکت کی خبر ہے۔ یمنی ذرائع کے مطابق فوج اور عوامی رضاکار فورس کے دستوں نے صوبہ مآرب کے علاقے الصرواح میں سعودی اتحاد کی دو بکتر بند گاڑیوں کو تباہ کر دیا۔
یمن سے ملنے والی ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہر مآرب کے ایک بازار میں بم کے دھماکے میں کم سے کم چھے عام شہری جاں بحق اور آٹھ زخمی ہو گئے۔