یمن کے رہائشی علاقوں پر سعودی بمباری 6 شہید اور زخمی
سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے مغربی یمن کے شہر حدیدہ کے رہائشی علاقوں پر بمباری کی ہے۔
المسیرہ ٹی وی کے مطابق سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے منگل کے روز ایک بار پھرحدیدہ شہر کے رہائشی علاقوں پر بمباری کی جس میں کم سے کم دو عام شہری شہید اور چار دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے حدیدہ کے رہائشی علاقوں پر بمباری کے علاوہ صلیف کے علاقے میں گندم لے جانے والے دو ٹرکوں کو بھی نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے مغربی یمن کے صوبے حجہ کے شہر حرض کو چار بار اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ ان حملوں میں ہونے والے جانی نقصانات کے بارے میں تاحال کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
یمن کے عوام کے خلاف چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ سے جاری سعودی جارحیت میں ہزاروں بے گناہ شہری مارے جا چکے ہیں۔ جبکہ اس عرب اسلامی ملک کی اسی فیصد بنیادی تنصیبات مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں۔