حلب میں امدادی کارروائیوں کا آغاز
حکومت شام نے روس کے تعاون سے شمال مغربی شہر حلب کے شہریوں کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔
روسی وزیردفاع سرگئی شوئیگو نے اس خبر کا اعلان کرتے ہوئے عالمی تنظیموں اور اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی انسان دوستانہ امداد کی فراہمی میں شریک ہوجائیں۔
روس کے وزیر دفاع نے بتایا کہ ہتھیار ڈالنے والے مسلح افراد کے حلب سے باہر آنے کے لیے تین کوریڈور بنا دیئے گئے ہیں۔ خبروں کے مطابق روس نے مغربی شام کے صوبے حما میں بھی عام شہریوں کو امداد کی فراہمی کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ روس نے دو ٹن امدادی سامان اور ڈاکٹروں کی ٹیم کے ساتھ ایک فیلڈ ہاسپٹل بھی علاقے میں پہنچا دیا ہے۔
شام کی فوج نے بدھ کے روز مشرقی حلب میں دہشت گردوں کی سپلائی کے تمام راستے بند کردیئے تھے۔ حکومت شام نے مشرقی حلب میں موجود تمام دہشت گردوں کو ہتھیار ڈالنے کی پیشکش کی ہے۔
شامی فوج نے علاقے میں اعلان کرا دیا ہے کہ ہتھیار ڈالنے والے دہشت گردوں کو کچھ نہیں کہا جائے۔ شام کی فوج نے بدھ کے روزغوطہ شرقیہ کے نواحی علاقے الحوش فارہ میں زبردست پیش قدمی کی ہے اور دمشق کے قریب واقع کئی علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ شامی فوج کے جوانوں نے منگل کے روز کاستیلو شاہراہ پر قبضہ کرکے ترکی کے راستے دہشت گردوں کی سپلائی لائن مکمل طور پر کاٹ دی تھی۔