اقوام متحدہ کی سعودی عرب کو دھمکی
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے بچوں کے حقوق کی خلاف ورزی کرنے والے ملکوں کی بلیک لسٹ میں ایک بار پھرسعودی عرب کا نام شامل کرنے کی دھمکی دی ہے-
امریکی جریدے فارین پالیسی نے اقوام متحدہ کےایک سینئرعہدیدار کے حوالے سے لکھا ہے کہ سیکریٹری جنرل بان کی مون نے سعودی عرب کے حکام کے نام ایک مراسلے میں دھمکی دی ہے کہ وہ ریاض کا نام ایک بار پھر بچوں کے قاتل اور ان کے حقوق کی خلاف ورزی کرنے والے ملکوں کی فہرست میں شامل کریں گے- فارن پالیسی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بان کی مون نے یہ دھمکی، شمالی یمن کے صوبے صعدہ کے شہر حیران میں گذشتہ ہفتے ایک اسکول پر سعودی بمباری کے بعد دی ہے کہ جس کے نتیجے میں اس اسکول کے دس بچے شہید اور کم از کم اٹھائیس زخمی ہوگئے تھے -
ڈاکٹروں کی بین الاقوامی فلاحی تنظیم ڈاکٹرودآؤٹ بارڈرکے ذرائع ابلاغ کے عہدیدار ملاک شاہرنے بھی سعودی اتحاد کے لڑاکا طیاروں کی بمباری پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تنظیم اپنے کارکنوں کو شمالی یمن میں واقع چھے اسپتالوں سے نکال لے گی- واضح رہے کہ سعودی عرب گذشتہ سترہ مہینوں سے مغربی ملکوں کی مدد سے عرب اتحاد کی تشکیل کے ذریعے یمن کے عوام کے خلاف بری ، بحری اور فضائی حملے کر رہا ہے- ان حملوں میں اب تک ہزاروں یمنی شہید ، زخمی اور بے گھر ہوچکے ہیں-