سعودی عرب یمن پر جارحیت بند کرے، ہیومن رائٹس واچ کا مطالبہ
ہیومن رائٹس واچ نے یمن کے خلاف سعودی جارحیت ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ہیومن رائٹس واچ کی سینیئر رکن سارامورگن نے امریکی وزیر خارجہ کے مجوزہ دورہ سعودی عرب کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ، سعودی حکومت کو یمن کے خلاف جارحیت کا سلسلہ بند کردینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو اپنے غیر قانونی اقدامات کی بابت عالمی برادری کے سامنے جواب دنیا ہوگا۔ سارا مورگن نے سعودی حملوں میں ہزاروں یمنی شہریوں کے مارے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جان کیری سعودی حکومت پر یمن کے خلاف جارحیت اور اپنے غیر انسانی اقدامات کی بابت عالمی برادری کے سامنے جوابدھی کے لیے دباؤ ڈالیں۔ قابل ذکر ہے کہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری اپنے دورہ سعودی عرب کے موقع پر سعودی حکام نیز خلیج فارس کے رکن ملکوں کے وزرائے خارجہ سے یمن پر جارحیت کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے۔ دوسری جانب بچوں کے عالمی ادارے یونیسیف کے ترجمان محمد الاسعدی نے کہا ہے کہ چھبیس مارچ دوہزار پندرہ سے جاری سعودی جارحیت کے دوران ایک ہزار سے زائد یمنی بچے شہید اور ڈیڑہ ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ سعودی عرب نے سترہ ماہ سے امریکہ اور بعض عرب اتحادیوں کے ساتھ مل کر یمن کو جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے۔ جس کے نتیجے میں ہزاروں یمنی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ جبکہ مشرق وسطی کے اس غریب اور اسلامی ملک کی اسی فی صد بنیادی تنصیبات تباہ ہوگئی ہیں۔