مشرق وسطی فرقہ وارانہ اختلافات کا شکار ہے: عراقی وزیر خارجہ
-
عراق کے وزیر خارجہ، ابراہیم جعفری
عراق کے وزیر خارجہ نے کہا ہے مشرق وسطی کا علاقہ، فرقہ وارانہ اختلافات سے پیدا ہونے والی مشکلات میں گرفتار ہے-
سومریہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے شام کے مفتی اعظم "احمد بدرالدین حسون " کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ مشرق وسطی کے علاقے کو اس وقت فرقہ وارانہ جنگ اور اختلافات کا سامنا ہے اور انتہا پسند اور دہشت گرد گروہوں سے مقابلے کے لئے امت مسلمہ میں اتحاد و یکجہتی کی اشد ضرورت ہے-
ابراہیم جعفری نے اس ملاقات میں کہا کہ علماء کو چاہئے کہ اپنی تقریروں اور خطبوں میں امت مسلمہ کو درپیش مسائل کو بیان کریں اور خاص طور پر اس وقت عالم اسلام جن مسائل و مشکلات سے دوچار ہے ان کے بارے میں گفتگو کریں-
عراق کے وزیر خارجہ نے کہا کہ امت مسلمہ کو دہشت گرد گروہوں سے مقابلے کے لئے متحد ہوجانا چاہئے اور اس سلسلے میں حکومتی اداروں کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے-
شام کے مفتی اعظم نے بھی اس ملاقات میں دہشت گردوں کے مقابلے میں، جو صرف مسلمانوں کا خون بہانا جانتے ہیں، متحد ہونے پر تاکید کی -
شیخ احمد بدرالدین حسون نے کہا کہ عراق اور شام میں دہشت گردی کے مقابلے میں کامیابیوں کے آثار ظاہر ہو رہے ہیں اور عنقریب ہی ہمیں حتمی کامیابی نصیب ہوگی-