شمالی عراق میں داعش کے قبضے سے مزید علاقوں کی آزادی
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i257524-شمالی_عراق_میں_داعش_کے_قبضے_سے_مزید_علاقوں_کی_آزادی
عراقی فوج نے موصل کو داعش دہشت گرد گروہ کے قبضے سے آزاد کرانے کی کارروائی کے دوران صوبے نینوا کے کئی اور علاقوں کو آزاد کرا لیا۔
(last modified 2025-07-01T12:42:33+00:00 )
Nov ۱۱, ۲۰۱۶ ۰۸:۵۹ Asia/Tehran
  • شمالی عراق میں داعش کے قبضے سے مزید علاقوں کی آزادی

عراقی فوج نے موصل کو داعش دہشت گرد گروہ کے قبضے سے آزاد کرانے کی کارروائی کے دوران صوبے نینوا کے کئی اور علاقوں کو آزاد کرا لیا۔

عراق کی واع خبر رساں ایجنسی نے جمعے کے روز رپورٹ دی ہے کہ عراقی فوج نے موصل کے جنوب مشرق میں شہرالنمرود کی طرف پیش قدمی کرتے ہوئے العباس اور نجفیہ نامی قصبوں کو داعش دہشت گرد گروہ کے قبضے سے آزاد کرا لیا۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ عراقی مسلح افواج نے، جن میں فوج، عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی اورکرد پیشمرگہ ملیشیا شامل ہیں، موصل کی طرف پیش قدمی کرتے ہوئے اس شہر کے مضافاتی علاقے البوسیف کو آزاد کرا لیا ہے۔ اس کارروائی میں دسیوں داعشی دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ موصل کے مشرق میں بھی کئی داعشی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

ادھر صوبے نینوا کے شہر بعشیقہ میں کرد پیشمرگہ ملیشیا نے خودکش جیکٹوں کے حامل چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ دریں اثنا عراق کی النجباء تحریک کے ترجمان ہاشم الموسوی نے شہر تلعفر کی آزادی کے بارے میں کہا ہے کہ عراق کی رضاکار فورس نے تلعفر میں کارروائی کے دو مراحل طے کر لئے ہیں اور تیسرے مرحلے میں الحشد الشعبی کے جوان شہر تلعفر میں داخل ہو جائیں گے۔