امریکی فضائی حملے میں بچوں سمیت درجنوں شامی شہری جاں بحق
امریکی اتحاد کے فضائی حملے میں نو بچوں سمیت درجنوں شامی شہری جاں بحق ہو گئے۔
شامی ذرائع کے مطابق امریکی اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے شمالی صوبے رقہ کے علاقے میسلون کے رہائشی علاقے پر بمباری کی ہے۔ امریکی طیاروں کی بمباری میں کم سے کم پچیس عام شہری جاں بحق ہو گئے جن میں نو کم سن بچے بھی شامل ہیں۔
امریکی فضائی بمباری میں عورتوں اور بچوں سمیت درجنوں بے گناہ شامی شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔
امریکی اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے کچھ عرصہ قبل شمالی شام کے صوبے حلب کے کرد آبادی والے علاقے منبج پر بھی بمباری کی تھی جس میں درجنوں عام شہری مارے گئے تھے۔
امریکی اتحاد کے لڑاکا طیارے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نام پر اکثر شام کے رہائشی علاقوں اور تجارتی مراکز کو نشانہ بناتے ہیں۔
دوسری جانب کرد ذرائع نے بتایا ہے کہ دہشت گردوں نے ایک بار پھر حلب کے علاقے شیخ مقصود میں کیمیائی بموں سے حملہ کیا ہے۔ اس حملے میں ہونے والے ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں ملی۔
مغربی شام کے صوبے حما کے خنیفس ٹاؤن میں ہونے والے کار بم کے ایک دھماکے میں تین عام شہری جاں بحق اور دو زخمی ہوئے ہیں۔