مشرقی حلب میں شامی فوج کی پیشقدمی
شامی فوج نے مشرقی حلب کے شہر عین الجحش کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے
ارنا نے خبردی ہے کہ شامی فوج نے دہشت گردوں کے ساتھ ایک گھمسان کی جنگ کے بعد مشرقی حلب کے مضافات میں واقع عین الجحش شہر کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے اور اب وہ تادف قصبے کے بالکل قریب پہنچ گئی ہے جو الباب شہر کی آخری دفاعی لائن شمارہوتا ہے - تادف قصبہ الباب شہر سے صرف سات کلو میٹر دور ہے اور الباب تک پہنچنے کے لئے شامی فوج کو عران ، بیرہ الباب اور ابوطلطل دیہاتوں کو آزاد کرانا ہوگا- شامی فوج نے اس سے پہلے اسی علاقے میں المدیونہ قصبے اور اس سے ملحقہ زرعی اراضی کو بھی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا تھا اوراس نے" الشیخ دن" قصبے کے سامنے واقع اسٹریٹیجیک پہاڑی کی جانب اپنی پیشقدمی جاری رکھی ہے - اطلاعات ہیں کہ شامی فوج نے مشرقی حلب کے علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کی کارروائیوں کے دوران "شیخ دن" دیرقاق اور طومان قصبوں کے اطراف میں داعش کے دسیوں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا - دریں اثنا روس اور شام کے جنگی طیاروں نے بھی پچھلے چند روز کے دوران حلب کے مشرقی علاقے کےمضافات میں واقع داعش کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کی ہے - واضح رہے کہ حلب شہر کو شامی فوج نے گذشتہ بائیس دسمبر کو دہشت گردوں کے قبضے سے مکمل طور پرآزاد کرا لیا تھا