دہشت گردوں کے مقابلے میں شامی فوج کی کامیابی
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i270469-دہشت_گردوں_کے_مقابلے_میں_شامی_فوج_کی_کامیابی
شام میں روس کے فائر بندی کے نگراں مرکز نے اعلان کیا ہے کہ شامی فوج، دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے شہر الباب کے قریب پہنچ گئی ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Feb ۰۳, ۲۰۱۷ ۱۳:۱۶ Asia/Tehran
  • دہشت گردوں کے مقابلے میں شامی فوج کی کامیابی

شام میں روس کے فائر بندی کے نگراں مرکز نے اعلان کیا ہے کہ شامی فوج، دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے شہر الباب کے قریب پہنچ گئی ہے۔

العالم کی رپورٹ کے مطابق شام میں الحمیمیم میں فائر بندی کے روسی نگراں مرکز نے اعلان کیا ہے کہ شامی فوج، اپنی پیش قدمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے شہر الباب سے تین کلومیٹر کے فاصلے تک پہنچ گئی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق شامی فوج کو شہر الباب تک پہنچنے میں اس شہر کے مغرب میں صرف ایک قصبے کا فاصلہ طے کرنا باقی رہ گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق شامی فوج نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران حلب اور ادلب کے مضافات میں آٹھ علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرایا ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ وادی بردی میں سو مسلح افراد نے ہتھیار ڈال دیئے ہیں۔ ایک اور خبر یہ ہے کہ شامی فوج نے مشرقی حمص میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کر کے انھیں بھاری نقصان پہنچایا اور حطانیہ اور بئر مرہطان میں مزید علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لیا۔
شامی فوج کی اس کارروائی میں بھی دسیوں دہشت گرد ہلاک و زخمی ہوئے۔
دوسری طرف شامی فوج نے حمص سے تدمر کے راستے میں اسٹریٹیجک اہمیت کے حامل چوراہے، جحار کو اپنے کنٹرول میں لے لیا اور اس علاقے میں اپنی پوزیشن مستحکم بنالی ہے۔ اس علاقے میں ہونے والی جھڑپوں میں بھی درجنوں دہشت گرد ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔
شامی فوج نے بیضۂ شرقیہ اور المہر گیس فیلڈ کی طرف بھی پیش قدمی کی اور کئی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ شامی فوج نے مشرقی حمص میں بھاری ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں کی چھے گاڑیوں کو بھی تباہ کر دیا۔