آمریت مخالفین پر بحرینی سیکورٹی فورس کا حملہ
بحرین کی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے ایک بار پھر خاندانی آمریت کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
خبروں کے مطابق بحرین کی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے جمعے کی شام، عبداللہ العجوز نامی نوجوان کی مجلس ترحیم میں شریک لوگوں پر حملہ کر دیا اور انہیں سخت تشدد کا نشانہ بنایا۔ آمریت مخالف تحریک کے رکن عبداللہ العجوز کو چند روز قبل بحرین کی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا جسے بحرین کے انقلابی ذرائع نے ما ورائے عدالت قتل قرار دیا ہے۔
دارالحکومت منامہ کے جنوب مشرقی علاقے نویدرات میں بھی بحرینی پولیس نے پرامن مظاہرین کو پیلٹ گنوں نشانہ بنایا اور ان کے خلاف زہریلی آنسو گیس کا بے تحاشہ استعمال کیا۔
خبروں کے مطابق گزشتہ شب بحرین کے سات سے زائد علاقوں میں آمریت کے خلاف مظاہرے کئے گئے جن میں شریک لوگ شاہی حکومت کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے انقلابی تحریک جاری ہے اور اس ملک کے عوام، منتخب جمہوری حکومت کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
بحرین کی شاہی حکومت، عوام کے جہموری مطالبات پورے کرنے کے بجائے، سعودی عرب کے فوجیوں کے ساتھ مل کر عوامی تحریک کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔
پرامن مظاہرین کے خلاف بحرین کی شاہی حکومت کے پرتشدد اقدامات کے نتیجے میں درجنوں بحرینی شہری شہید ہو چکے ہیں۔ ہزاروں لوگوں کو گرفتار کر کے جیلوں میں بند کر دیا ہے اور بعض کو طویل المدت قید کی سزائیں سنائی جا رہی ہیں۔