Mar ۰۴, ۲۰۱۷ ۱۵:۴۶ Asia/Tehran
  • یمن پر حملے کا مقصد اسلامی اور عرب اقوام کو نابود کرناہے

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ نے کہا ہے کہ یمن پر سعودی عرب کا حملہ علاقے میں امریکی اور اسرائیلی سازشوں کے تحت کیا جارہا ہے جس کا مقصد عربی اور اسلامی امت کو نابود کرنا اور مسلکی بنیادوں پر دوبارہ اختلاف پیدا کرنا ہے۔

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کی سیاسی کونسل کے رکن حمزہ الحوثی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب یمن پر دوسال سے جاری اپنے حملوں سے کچھ بھی حاصل نہیں کرسکا اور وہ یمنی قوم کے عزم و ارادے کومتزلزل کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب چاہتا تھا کہ وہ یمنی عوام کی آزادی سلب کرلے، اپنے ناپاک عزائم کو ان پر مسلط کردے اور امریکی سازشوں کو عملی جامہ پہنائے۔

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے رہنما حمزہ الحوثی نے کہا کہ یمنی عوام پر حملہ امریکی ایما پر ہی کیا جارہا ہے اور یمن میں امریکا کی حالیہ فوجی کارروائی امریکا کی جارحانہ سرشت اور مقاصد سے رائے عامہ کی توجہ فرضی راستے کی جانب منحرف کرنے کے لئے انجام دی گئی ہے تاکہ اس کے ذریعے وہ دیگر ملکوں میں اپنی فوجی موجودگی کا جواز فراہم کرتا رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یمنی عوام کے پاس دو راستے ہیں ایک اپنی آزادی عزت و  شرف کی حفاظت اور ملک کو ٹکڑے ہونے سے بچانے کے لئے اٹھ کھڑا ہونا اور دوسرے تفرقہ اور سعودی عرب کو کامیاب کرانا لیکن دوسرا راستہ یمنی عوام کی ہوشیاری ثابت قدمی اور ان کی شجاعت و بہادری سے مطابقت نہیں رکھتا۔

اس درمیان سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے ایک بار پھر یمن کے مختلف علاقوں میں بمباری کرکے متعدد یمنی شہریوں کو شہید اور زخمی کردیا- سعودی جنگی طیاروں نے شمالی صوبے صعدہ میں ممنوعہ کلسٹربموں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں صعدہ کے شہر البرکہ میں تین عام  شہری شہید اور آٹھ دیگر زخمی ہوگئے۔

سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے صوبہ حجہ کے علاقے حیران میں بھی ایک رہائشی مکان پر بمباری کی جس میں ایک شخص شہید اور سات دیگر زخمی ہوگئے۔سعودی جارح طیاروں نے دارالحکومت صنعا کے علاقے نہم میں بھی کم سے کم چھے بار بمباری کی جس میں دوبار کلسٹربموں کا استمعال کیا۔

یمن پر چھبیس مارچ دوہزار پندرہ سے سعودی عرب کے وحشیانہ حملے جاری ہیں جن میں اب تک دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ لاکھوں کی تعداد میں یمنی باشندے بے گھر ہوئے ہیں۔

یہ حملے امریکا برطانیہ اوراسرائیل کی ایما پر کئے جارہے ہیں اور علاقے کی  بعض عرب حکومتیں بھی سعودی عرب کا ساتھ دے رہی ہیں۔

آل سعود حکومت علاقے کے ملکوں کے عوام میں پائی جانے والی بیداری سے خائف ہے اسی لئے وہ یمن اور بحرین جیسے ملکوں میں عوامی تحریکوں کو کچلنے کے لئے ان ملکوں کے عوام پر ظلم ڈھارہی ہے۔

یمن پر سعودی عرب کے وحشیانہ حملوں میں اس ملک کی  بنیادی شہری تنصیبات بری طرح تباہ  ہوچکی ہیں، جن میں اسکول، اسپتال اور مساجد بھی شامل ہیں۔

ٹیگس