سعودی جارحیت اور یمنی فوج کا جوابی حملہ
یمنی فوج نے سعودی عرب کی وحشیانہ جارحیتوں کے جواب میں سعودی فوجیوں کے اڈوں پر گراڈ میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔
سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے شمالی صوبے صعدہ اور صنعا کے قریب نہم کے رہائشی علاقوں پر ایک بار پھر بمباری کر کے متعدد عام شہریوں کو شہید کر دیا جس کے جواب میں یمنی فوج نے صوبہ مآرب میں سعودی فوجی اڈوں پر گراڈ میزائلوں سے حملہ کیا-
فارس نیوز ایجنسی نے خبر دی ہے کہ یمنی فوج کے جوابی حملے میں سعودی عرب کے فوجی اڈے کو خاصا نقصان پہنچا- اس سے پہلے سعودی طیاروں نے شمالی صوبے صعدہ میں عام شہریوں کی ایک کار کو براہ راست نشانہ بنایا جبکہ نہم میں سعودی طیاروں کے حملے میں متعدد شہری شہید اور زخمی ہوئے-
دوسری جانب یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس انصاراللہ کے جوانوں نے شمالی یمن کے صوبے الجوف میں بھی سعودی عرب کے اتحادی فوجیوں کے اڈوں پر زلزال میزائل سے حملہ کیا- یمنی فوج کے ترجمان نے بارہا اعلان کیا ہے کہ یمنی عوام کے خلاف سعودی عرب کے حملے جاری رہنے کی صورت میں یمن کی جانب سے بھی میزائلی حملے کئے جائیں گے۔