امریکی فوجی قیام امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i280592-امریکی_فوجی_قیام_امن_کی_راہ_میں_سب_سے_بڑی_رکاوٹ
افغانستان کے ممبران پارلیمنٹ نے افغانستان میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کو قیام امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا ہے۔
(last modified 2025-07-01T12:42:33+00:00 )
Apr ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۱:۲۷ Asia/Tehran
  • امریکی فوجی قیام امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ

افغانستان کے ممبران پارلیمنٹ نے افغانستان میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کو قیام امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا ہے۔

 کابل سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق افغان ممبران پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس میں اعلان کیا ہے کہ جب تک امریکہ، افغانستان میں موجود رہے گا اس وقت تک اس ملک میں امن و استحکام قائم نہیں ہو سکتا-

مغربی افغانستان کے صوبہ فراہ کے ممبر پارلیمنٹ عثمانی فراہی نے کہا کہ جب تک امریکہ، علاقے میں رہے گا اس وقت تک عالم اسلام خاص طور سے افغانستان کو امن نصیب نہیں ہو گا-

افغان پارلیمنٹ کے دو دیگر اراکین سخی مشوانی اور فاطمہ نظری نے بھی کابل واشنگٹن سیکورٹی معاہدہ منسوخ کئے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ امریکہ، علاقے میں اپنے مفادات کے لئے افغانستان کو استعمال کر رہا ہے-

صوبہ بدخشاں کے ممبر پارلیمنٹ زلمے مجددی نے کہا کہ امریکہ نے با رہا اعلان کیا ہے کہ وہ طالبان سے نہیں لڑ رہا ہے کیونکہ طالبان افغانستان کا داخلی مسئلہ ہیں، اس کا مطلب یہ ہے کہ امریکہ، طالبان کا حامی ہے-

افغانستان میں امریکہ کی موجودگی پر احتجاج کا سلسلہ ایسے وقت بڑھتا جا رہا ہے کہ امریکی وزیر جنگ جیمز میٹس، پیر کو کابل پہنچے ہیں- 

واضح رہے کہ افغانستان میں امریکہ کے دس ہزار فوجی تعینات ہیں اور اس تعداد میں اضافے کا بھی امکان ہے-

دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بہانے دو ہزار ایک سے افغانستان پر امریکہ کے حملے کے بعد سے دسیوں ہزار افغان شہری جاں بحق ہو چکے ہیں اور اس ملک کی زیادہ تر تنصیبات تباہ ہو چکی ہیں-