شاہی حکومت کے خلاف بحرینی عوام کے ملک گیر مظاہرے
بحرین کے عوام نے ایک بار پھر ملک کے روحانی پیشوا آیت اللہ عیسی قاسم کی حمایت میں ملک گیر مظاہرے کیے ہیں۔
ہزاروں کی تعداد میں بحرینی شہری ملک کے مختلف شہروں کی سڑکوں پر آئے اور انہوں نے سعودی عرب کی حمایت یافتہ شاہی حکومت کو خبردار کیا کہ وہ آیت اللہ عیسی قاسم کے خلاف بے بنیاد الزامات کے تحت مقدمہ چلانے سے گریز کریں۔
حکومت بحرین نے ملک کی اکثریتی شیعہ آبادی کے روحانی پیشوا آیت اللہ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ اور ان کے خلاف بے بنیاد الزامات کے تحت مقدمات قائم کر رکھے ہیں تاہم عوامی ردعمل کے خوف سے نمائشی عدالت مقدمے کی کاروائی مسلسل موخر کرتی چلی آرہی ہے۔
بحرین میں یہ مظاہرے ایسے وقت میں ہوئے جب مزید کئی سو سعودی فوجی ملک فہد پل کے راستے بحرین میں داخل ہو گئے ہیں۔
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے فوجی جاری عوامی تحریک کو دبانے کی غرض سے چھے برس پہلے بحرین میں داخل ہوئے تھے۔
بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے عوامی تحریک جاری ہے اور آیت اللہ عیسی قاسم اس تحریک کی رہنمائی کر رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بحرین کے عوام ملک پر مسلط شاہی حکومت کے خاتمے اور مکمل جمہوری حکومت کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔