ٹرمپ کا دورہ ریاض، استقبال پر 68 ملین ڈالر کے اخراجات
سعودی عرب کی وزارت خزانہ کے نام شاہ سلمان کے خفیہ خط کا راز فاش ہو جانے سے یہ بات واضح ہو گئی ہےکہ سعودی عرب کی حکومت، امریکی صدر کے دورہ ریاض میں کئے جانے والے ان کے استقبال پر چھے کروڑ اسّی لاکھ ڈالر خرچ کرنےوالی ہے
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر سعودی شاہی دربار سے، ریاض میں ان کے خیرمقدم کے اخراجات کے بارے میں خفیہ خط سے متعلق دستاویز، سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔اس دستاویز کے مطابق سلمان بن عبدالعزیز کے شاہی دفتر کی جانب سے ایک خط میں سعودی وزارت خزانہ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ امریکی صدر کے استقبال کی مکمل تیاری اور شاہی رسومات کے بجٹ سے عرب امریکہ اجلاس کے انعقاد کے لئے چھے کروڑ اسّی لاکھ ڈالر کی رقم مدنظر رکھے۔واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ، مئی کے آخر میں سعودی عرب کا دورہ کرنے والے ہیں اور ان کے اس دورے میں دس ارب ڈالر کے ہتھیاروں کی فروخت کے سمجھوتے پر دستخط کئے جائیں گے۔یہ ایسی حالت میں ہے کہ تیل کی قیمتوں میں آنے والی کمی اور یمن کی جنگ کے اخراجات نیز علاقے میں دہشت گردوں کی حمایت کرنے کی بنا پر سعودی عرب کا اقتصاد مکمل جمود کا شکار ہے اور دو کروڑ ستّر لاکھ کی آبادی والے اس ملک میں بے روزگاری کی شرح بھی گیارہ فیصد سے زیادہ ہے اور جنگی جنون کی بنا پر ہتھیار درآمد کرنے والا دنیا کا تیسرا بڑا ملک بنا ہوا ہے۔