آل خلیفہ حکومت، آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کو جلاوطن کرنا چاہتی ہے
ایران میں آیت اللہ عیسی قاسم کے نمائندے نے کہا ہے کہ آل خلیفہ حکومت بحرین کے مذہبی پیشوا کو ترکی یا متحدہ عرب امارات جلاوطن کرنا چاہتی ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایران میں بحرین کے مذہبی پیشوا کے نمائندے شیخ عبداللہ الدقاق نے کہا ہے کہ عراقی حکومت کی جانب سے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کو نجف اشرف جلاوطن کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیئے جانے کے بعد حکومت بحرین انھیں ترکی یا متحدہ عرب امارات جلاوطن کرنا چاہتی ہے-
بحرینی شیعوں کے مذہبی رہنما کے نمائندے نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کو اپنے ملک اور اپنے عوام کے درمیان میں ہی رہنا چاہئے، انھیں کسی بھی دوسرے ملک میں جلاوطن کرنے کی مخالفت کی ہے-
بحرین کے مذہبی پیشوا آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کو آل خلیفہ کی کٹھ پتلی عدالت کی جانب سے ایک سال قید اور ان کے اثاثے ضبط کرنے کے فیصلے کے بعد شروع ہونے والے شدید احتجاجی مظاہروں کے بعد آل خلیفہ کے فوجیوں نے منگل کو الدراز میں ان کی رہائش گاہ پر حملہ کر دیا تھا-
اس حملے میں چھے افراد شہید اور دو سو سے زیادہ زخمی ہو گئے جبکہ تقریبا تین سو افراد کو گرفتار کر لیا گیا-