شام: امریکی اتحاد کی بمباری میں عام شہریوں کا جانی نقصان
شمال مشرقی شام کے صوبے الحسکہ کی سیاسی و سماجی سوسائٹی کے کارکنوں نے ایک رپورٹ میں داعش مخالف نام نہاد امریکی اتحاد کے جنگی طیاروں کی بمباری میں عام شہریوں کے قتل عام کا الزام عائد کیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق شام کے صوبے الحسکہ کی سیاسی و سماجی سوسائٹی کے کارکنوں نے اس رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ امریکی اتحاد کے جنگی طیاروں نے گذشتہ چند روز کے دوران صوبے الحسکہ کے جنوبی علاقوں پر کئی بار جارحانہ حملے کئے جن میں درجنوں بے گناہ عام شہری مارے گئے۔
الخابور سوسائٹی مرکز کے سربراہ فاضل الخضر نے کہا ہے کہ امریکی اتحاد کے جنگی طیاروں کی بلاسبب بمباری، صوبے الحسکہ کے عام شہریوں کی دربدری کا باعث بن رہی ہے جبکہ ان پناہ گزینوں کو جگہ، خوراک اور پینے کا صاف پانی مہیا نہ ہونے کی بنا پر سخت حالات کا سامنا ہے۔
شام کی اعلی قبائلی کونسل کے ترجمان حماد الاسد نے بھی تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ امریکی اتحاد کے جنگی طیاروں کی بمباری کا مقصد ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت قبائلیوں سمیت شامی عوام کا قتل عام اور انھیں گھر سے بے گھر کرنا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے شام میں دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف مہم کے بہانے اقوام متحدہ سے کسی بھی طرح کی ہم آہنگی اور شامی حکومت کی اجازت کے بغیر اگست دو ہزار چودہ میں ایک اتحاد تشکیل دیا ہے۔