شام کے علاقے دیرالزور کے اسپتال پر امریکہ کی بمباری
شام کے صوبہ دیرالزور میں ایک اسپتال پر امریکی جنگی طیاروں کے حملے میں کم سے کم چھے شہری جاں بحق اور دس زخمی ہوگئے ہیں
شام کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق یہ حملہ اتوار کو شہر البوکمال پر کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں کئی رہائشی عمارتیں تباہ ہوگئی ہیں- رواں مہینے میں شام پر امریکی جنگی طیاروں کا یہ چوتھا حملہ ہے - سنیچر کو بھی صوبہ دیرالزور کے شہر المیادین اور اطیبہ دیہات پر امریکی اتحادیوں کے جنگی طیاروں کے حملے میں دس شامی شہری جاں بحق ہوگئے تھے - امریکہ اور اس کے بعض اتحادی ممالک اگست دوہزارچودہ سے داعش دہشت گرد گروہ کا مقابلہ کرنےکے بہانے اقوام متحدہ کی اجازت اور شامی حکومت کی ہماہنگی کے بغیر ایک نام نہاد اتحاد تشکیل دے کر بے گناہ شامی شہریوں پر بمباری کر رہے ہیں- یہ اتحاد ، شام کے دیرالزور ، الرقہ اور حلب صوبوں میں اب تک بہت سے بے گناہ شامی شہریوں کو قتل اور بہت سی عمارتوں کو تباہ کر چکا ہے-