Aug ۲۳, ۲۰۱۷ ۰۸:۵۱ Asia/Tehran
  • افغانستان کو امریکیوں کا قبرستان بنادیں گے: طالبان ترجمان

افغان طالبان نے ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ اگرامریکی افواج نہ نکالی گئیں تو افغانستان کو امریکیوں کا قبرستان بنادیں گے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مزید ہزاروں فوجیوں کو افغانستان بھیجنے کی منظوری دیے جانے کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے  کہا کہ اگر امریکا نے افغانستان سے اپنی فوج نہ نکالی تو جلد افغانستان 21 ویں صدی کی اس سپرپاور کا ایک اور قبرستان بن جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کو جنگ جاری رکھنے کے بجائے افغانستان سے انخلا کی حکمت عملی بنانی چاہیے، جب تک ہماری سرزمین پر ایک امریکی فوجی بھی موجود رہے گا اور ہم پر جنگ مسلط رکھی جائے گی تو ہم بلند حوصلے کے ساتھ جہاد کو جاری رکھیں گے۔

ذبیح اللہ مجاہد نے نئی حکمت عملی کو مبہم اور گھسی پٹی قرار دے کر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کی تقریر بہت غیر واضح تھی جس میں کوئی نئی بات نہ تھی۔

واضح رہے کہ نئی امریکی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے افغانستان سے فوجی انخلا کے اپنے پچھلے منصوبے کو ترک کرکے مزید فوج بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فوری انخلا کے نتائج ناقابل قبول ہوں گے کیونکہ اس سے خلا پیدا ہوگا جسے دہشت گرد فورا پُر کردیں گے۔ افغانستان کی جنگ امریکا کی طویل ترین جنگ ہے۔ وائٹ ہاؤس کے اعلیٰ حکام کے مطابق صدر ٹرمپ نے تقریبا 4 ہزار مزید امریکی فوجی افغانستان بھیجنے کی منظوری دے دی ہے۔

 

ٹیگس