جرمنی فاشسٹ اور یورپی یونین ریاکار ہے، ترک صدر
ترکی کے صدر نے جرمن چانسلر کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئےجرمنی فاشیسٹ اور یورپی یونین کو ریاکار قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل نے حال ہی میں اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ ترکی کو یورپی یونین کی رکنیت حاصل نہیں کرنے دیں گی۔
ترکی کے صدر نے انجیلا مرکل کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جرمن سیاستدانوں کو فاشیسٹ اور نازی قرار دیا اور یورپی یونین سے اپیل کی کہ وہ انقرہ کے بارے میں حقیقت پسندانہ موقف اختیار کرے۔
صدر اردوغان نے یورپی یونین پر ریاکاری اور سیاسی انحطاط کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین ترکی کے سلسلے میں اپنے وعدوں پر عمل کرے اور اس کے یورپی یونین میں شامل ہونے کی راہ ہموار کرے یا کہہ دے کہ وہ اس سلسلے میں کچھ نہیں کرنا چاہتی۔
حالیہ مہینوں میں خاص طور سےگذشتہ برس پندرہ جولائی کو ترکی میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کےبعد اس ملک میں فوجیوں، ججوں، مخالفین، فنکاروں اور مصنفین کی گرفتاری میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے۔
یورپی حکام نے اردوغان کی آمرانہ پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے یورپی یونین میں ترکی کی رکنیت کی بارہا مخالفت کا اعلان کیا ہے۔