یمن کا سعودی جرائم کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ
یمن کی قومی حکومت کے وزیرخارجہ نے یمن میں سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے جنگی جرائم کی تحقیقات کے لئے آزاد بین الاقوامی تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ کیا ہے-
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق یمن کی قومی وفاق کی حکومت کے وزیرخارجہ ہشام الشرف نے انسانی حقوق کے امور میں قوام متحدہ کے ہائی کمشنر زید رعدالحسین کے نام ایک خط میں ان کی توجہ یمن کی ابتر صورت حال اور اس ملک پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے مسلسل تین برسوں سے جاری حملوں کی جانب مبذول کرائی- ہشام الشرف نے کہا کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادی جان بوجھ کر کھلے عام شرمناک جرائم انجام دے رہے ہیں اور بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہے ہیں- یمن کے وزیرخارجہ نے اس بات کا حوالہ دیتے ہوئے کہ جارح ملکوں نے یمن کے پچاسی فیصد طبی مراکز اور اسپتالوں کو تباہ و برباد کردیا ہے کہا کہ اس جنگ اور محاصرے کے باعث اس ملک میں انسانی صورت حال نہایت خراب ہوچکی ہے یہاں تک کی یمن میں عام شہریوں کے حالات دنیا میں سب سے زیادہ بدتر ہوچکے ہیں - ایک اور رپورٹ کے مطابق یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سعودی جارحین کے مقابلے میں استقامت و پائداری کا مظاہرہ کرنے اور اکیس ستمبر کے انقلاب کو زندہ رکھنے کے لئے جمعرات کو صنعا کے سبعین اسکوائر پر عظیم الشان اجتماع میں شرکت کریں -