فلسطینیوں پر صیہونیوں کی جارحیت، معصوم بچے سمیت تین شہید
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i305915-فلسطینیوں_پر_صیہونیوں_کی_جارحیت_معصوم_بچے_سمیت_تین_شہید
فلسطین کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ دو روز سے جاری صیہونی فوج کی بربریت میں اب تک چھے ماہ کے ایک بچے سمیت تین فلسطینی شہید اور ایک ہزار ایک سو چودہ دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Dec ۰۹, ۲۰۱۷ ۱۰:۵۹ Asia/Tehran
  • فلسطینیوں پر صیہونیوں کی جارحیت، معصوم بچے سمیت تین شہید

فلسطین کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ دو روز سے جاری صیہونی فوج کی بربریت میں اب تک چھے ماہ کے ایک بچے سمیت تین فلسطینی شہید اور ایک ہزار ایک سو چودہ دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔

فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق بیت المقدس میں نو سو پینتیس اور غزہ کی پٹی میں ایک سو اناسی فلسطینی زخمی ہوئے جن میں سے پانچ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
اسرائیل کی جارحیت میں شہید ہونے والے تین فلسطینیوں میں ایک چھے ماہ کا بچہ بھی شامل ہے۔
اہلِ فلسطین امریکی اعلان کے ردعمل میں دوسرے روز بھی سراپا احتجاج بنے رہے جس کی وجہ سے بعض علاقوں میں مکمل ہڑتال ہے اور تعلیمی ادارے بھی بند ہیں جب کہ خواتین اور بچوں سمیت مظاہرین سڑکوں پر امریکی صدر کی تصاویر اور پرچم کو نذرآتش کر رہے ہیں۔
جمعے کی صبح سے شروع ہونے والے یہ مظاہرے حماس و دیگر فلسطینی تنظیموں کی اپیل پر مقبوضہ بیت المقدس، غزہ پٹی اور مغربی کنارے کے تمام شہروں اور قصبوں میں ہوئے۔
مسجد اقصیٰ کے باب العمود  کے سامنے ہزاروں فلسطینیوں نے نماز جمعے کے بعد دھرنا دیا، جس پر اسرائیلی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے کئی افراد کو گرفتار کر لیا۔
اسی طرح مغربی کنارے کے مختلف شہروں اور قصبوں میں بھی بڑے مظاہرے کئے گئے اور بیت الحم کے شمالی حصے میں دسیوں فلسطینی مظاہرین نے سڑکوں پر ٹائر جلائے اوراسرائیلی فورسز پر پتھراؤ کیا۔