افغانستان کے صرف 40 فیصد پرامریکہ کا کنٹرول
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i309819-افغانستان_کے_صرف_40_فیصد_پرامریکہ_کا_کنٹرول
امریکہ افغان سرحد پر باڑ لگانے میں مدد کی بجائے اب الزام تراشیاں کر رہا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jan ۱۰, ۲۰۱۸ ۰۶:۰۰ Asia/Tehran
  • افغانستان کے صرف 40 فیصد پرامریکہ کا کنٹرول

امریکہ افغان سرحد پر باڑ لگانے میں مدد کی بجائے اب الزام تراشیاں کر رہا ہے۔

پاکستان کے وزیر دفاع خرم دستگیر نے اسلام آباد میں ادارہ اسٹریٹجک اسٹڈیز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھربوں ڈالرز اور لاکھوں فوجیوں کے باوجود بھی امریکہ صرف 40 فیصد افغانستان پر کنٹرول حاصل کرسکا ہے۔

 خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امریکہ کے ساتھ انٹیلی جنس اور فوجی تعاون معطل کر دیا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کو تاحال فضائی اور زمینی راہداری سہولیات فراہم کر رہے ہیں اور ان کی بندش کا آپشن موزوں وقت پر استعمال کریں گے۔

پاکستان کے وزیر دفاع نے کہا کہ امریکی وزیر دفاع نے خود تسلیم کیا کہ امریکہ افغانستان میں کامیاب نہیں ہو پا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے، ہم نے ہزاروں قربانیاں دیں اور دے رہے ہیں، پاکستان اپنے تعاون کی قیمت مقرر نہیں کرنا چاہتا، مگر قربانیوں کا اعتراف چاہتا ہے اور ساتھ ہی یہ بھی واضح کرنا چاہتا ہے کہ افغان جنگ پاکستان کی سرزمین پر نہیں لڑنے دیں گے۔

 خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی، توانائی و معاشی بحران کے اندھیرے سے نکل چکا، جبکہ پاکستان کا دفاع انتہائی مستحکم اور مضبوط ہے۔

پاکستانی وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان اور چین پارٹنر اور اتحادی ہیں، جبکہ خطے میں ایران، چین اور روس کی اہمیت بھی اتنی ہے جتنی امریکہ کی۔

واضح رہے کہ دو روز قبل پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے امریکی دھمکیوں اور امداد کی بندش کے اعلان کے بعد پاکستان اور امریکہ کے درمیان اتحاد نہ ہونے کا اعلان بھی کیا تھا۔