غرب اردن اور غزہ میں مکمل ہڑتال
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i319644-غرب_اردن_اور_غزہ_میں_مکمل_ہڑتال
یوم الارض کے موقع پر واپسی کے حق کے لیے ہونے والے پرامن مظاہروں کے دوران شہید ہونے والوں کے غم میں غرب اردن اور غزہ میں مکمل ہڑتال ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Mar ۳۱, ۲۰۱۸ ۱۳:۱۴ Asia/Tehran
  • غرب اردن اور غزہ میں مکمل ہڑتال

یوم الارض کے موقع پر واپسی کے حق کے لیے ہونے والے پرامن مظاہروں کے دوران شہید ہونے والوں کے غم میں غرب اردن اور غزہ میں مکمل ہڑتال ہے۔

غزہ کے مکینوں نے جمعے کے روز یوم الارض کے موقع پر اپنے آبائی علاقوں کو واپسی کے حق کے لیے وسیع مظاہرے کیے تھے جس پر غاصب صیہونی فوجیوں نے حملہ کر دیا تھا۔ صیہونی فوجیوں کے وحشیانہ حملوں میں سولہ فلسطینی شہید اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
فلسطین انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق شہدائے غزہ کی یاد میں فلسطین کے تمام شہروں میں عام ہڑتال ہے اور دکانیں نیز کاروباری مراکز بند پڑے ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔
فلسطین کے تعلمی اداروں، یونیورسٹیوں اور تربتی مراکز نے بھی آج عام تعطیل کا اعلان کیا تھا۔ شمال مغربی کنارے کے شہر نابلس کے فلسطینیوں نے مسجد حاج نمر سے احتجاجی جلوس نکالنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
فلسطینیوں کی ڈرائیورز ایسوسی ایشن نے بھی شہدائے غزہ کی یاد میں کی جانے والی ہڑتال کی مکمل حمایت کی ہے۔
میڈیا میں سامنے آنے والی تصاویر اور فوٹیج سے پتہ چلتا ہے کہ صہیونی فوجی کس طرح سے نہتے فلسطینیوں کو بے دریغ فائرنگ کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
صہیونی فوجیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام کے خلاف فلسطین میں عام سوگ منایا جا رہا ہے جبکہ اسلامی جمہوریہ ایران، عراق، اردن، عرب لیگ اور مصر نے بھی فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات کی مذمت کی ہے۔
اسرائیل نے مارچ انیس سو چھیتر میں فلسطینیوں کی ہزاروں ہیکٹر اراضی پر قبضہ کر لیا تھا جس پر پورے فلسطین میں غم و غصے کی شدید لہر دوڑ گئی تھی۔ فلسطین کے عوام اس وقت سے آج تک ہر سال تیس مارچ کو یوم الارض فلسطین مناتے ہیں اور اس دن اپنے حقوق کی بالادستی کا مطالبہ دوہراتے ہیں۔