پاکستان کے وزیراعظم کی افغان رہنماوں سے ملاقاتیں
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i320348-پاکستان_کے_وزیراعظم_کی_افغان_رہنماوں_سے_ملاقاتیں
شاہد خاقان عباسی ایک روزہ سرکاری دورے پر افغان دارالحکومت کابل میں موجود ہیں جہاں وہ اہم افغان رہنماؤں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Apr ۰۶, ۲۰۱۸ ۰۸:۲۵ Asia/Tehran
  • پاکستان کے وزیراعظم کی افغان رہنماوں سے ملاقاتیں

شاہد خاقان عباسی ایک روزہ سرکاری دورے پر افغان دارالحکومت کابل میں موجود ہیں جہاں وہ اہم افغان رہنماؤں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی آج صبح ایک روزہ سرکاری دورے پر کابل  پہنچے اور اس وقت وہ اہم افغان رہنماؤں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی افغانستان کے صدر اشرف غنی کی دعوت پر ایک روزہ دورے پر کابل پہنچے، اس موقع پر وزیر خارجہ، وزیر داخلہ، سیکریٹری خارجہ اور قومی سلامتی مشیر سمیت گورنر خیبرپختونخوا بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔

افغان صدارتی محل میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

پاکستان کے وزیراعظم اپنے دورے کے دوران افغان صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ سے سیکیورٹی معاملات، انسداد دہشت گردی، افغان پناہ گزینوں کی واپسی، منشیات کی پیداوار کے خاتمے افغان امن عمل اور دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کے بارے میں بات چیت کر رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے سے افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی، منشیات کی پیداوار کی روک تھام، افغان امن عمل اور علاقائی، سیاسی اور سلامتی کی صورتحال پر بات چیت کا موقع ملے گا۔

واضح رہے کہ افغانستان کی جانب سے پاکستان پر سنگین الزامات لگائے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان تعلقات سرد مہری کا شکار ہیں۔