یمن پر امریکی سعودی اتحاد کی جارحیت
یمن کے خلاف جارح امریکی سعودی اتحاد کے تازہ فضائی حملے میں کم سے کم بیس عام شہری شہید اور زخمی ہو گئے۔
یمن کے المسیرہ ٹی وی نے رپورٹ دی ہے کہ سعودی جنگی طیاروں نے منگل کو یمنی پناہ گزینوں کی ایک بس پر حملہ کر دیا۔ اس رپورٹ کے مطابق سعودی بمباری میں بس مکمل طور پرتباہ ہوگئی اور کم سے کم نو مسافر شہید اور گیا رہ زخمی ہوگئے ۔قابل ذکر ہے کہ یمن کے مغربی ساحلی شہر، الحدیدہ پر امریکی سعودی جارحیت کے نتیجے میں اب تک تقریبا پانچ ہزار عام شہری بے گھر ہو چکے ہیں۔
سعودی حکومت اور متحدہ عرب امارات نے، تمام بین الاقوامی انتباہات کو نظرانداز کرتے ہوئے اپنے اتحادیوں اور امریکا، اسرائیل نیز چند یورپی ملکوں کے بھر پور تعاون کے ساتھ چالیس دن سے یمن کے مغربی ساحلی شہر الحدیدہ کو وسیع جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے۔
امریکی سعودی اتحاد نے یہ وحشیانہ جارحیت الحدیدہ کی بندرگاہ پر قبضہ کرنے کی غرض سے شروع کر رکھی ہے لیکن یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں کی مزاحمت اور استقامت کے باعث اب تک اپنے اس مقصد میں ناکام رہا ہے۔الحدیدہ مغربی یمن میں بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع ہے۔ الحدیدہ بندرگاہ یمن کی واحد آبی راہداری ہے جس سے یمن کے عوام تک انسان دوستانہ امداد پہنچائی جا سکتی ہے۔دوسری طرف یمن کے جوابی حملوں میں امریکی سعودی اتحاد کے جانی اور مالی نقصان کا سلسلہ بھی جاری ہے۔