یمن کے خلاف سعودی جارحیت میں شدت
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i330873-یمن_کے_خلاف_سعودی_جارحیت_میں_شدت
سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے جمعرات کے روز یمن کے صوبے صعدہ کے مختلف علاقوں پر ستائیس سے زائد بار بمباری کی جبکہ یمنی فوج کے جوابی حملوں میں سعودی اتحاد کے درجنوں فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔
(last modified 2025-07-01T12:42:33+00:00 )
Jul ۰۵, ۲۰۱۸ ۱۵:۳۲ Asia/Tehran
  • یمن کے خلاف سعودی جارحیت میں شدت

سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے جمعرات کے روز یمن کے صوبے صعدہ کے مختلف علاقوں پر ستائیس سے زائد بار بمباری کی جبکہ یمنی فوج کے جوابی حملوں میں سعودی اتحاد کے درجنوں فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔

المسیرہ ٹی وی کے مطابق سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ صعدہ کے نواحی علاقے رازح پر سات بار بمباری کر کے ٹیلی مواصلات کے مرکز کو تباہ کر دیا۔
سعودی جنگی طیاروں نے جمعرات کی صبح کو بھی صوبہ صعدہ کے علاقے جبل بن عریج پر گیارہ بار، جبل الشرقیہ پر پانچ بار اور جبل المفتاح پر چار بار بمباری کی۔
اسی دوران ایک آگاہ فوجی ذریعے نے بتایا ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ڈرون یونٹ نے جنوبی صوبے عدن کے علاقے البریقہ میں جارح سعودی اتحاد کے ایک کمانڈ سینٹر کو حملوں کا نشانہ بنایا۔
یمنی فوج کے جوانوں نے صوبہ تعز میں بھرپور کارروائی کرتے ہوئے درجنوں سعودی اتحادیوں کو موت کے گھاٹ اتارنے کے علاوہ تبہ عسیلہ اور الدار الشرقی پر قبضہ کر لیا۔
المسیرہ ٹیلی ویژن کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبہ عسیر میں واقع علب پاس کے قریب فوجی اتحادی کی ایک ٹولی کو میزائل اور توپ خانے سے نشانہ بنایا۔
عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ حرض کے علاقے میں یمنی فوج کی گولہ باری میں سعودی اتحادی فوج کو بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا اور اس علاقے میں اس کی پیشقدمی ناکام ہو گئی۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر سعودی شہریوں نے سرحدی علاقوں میں تیس سعودی فوجی افسران اور اہلکاروں کے مارنے کی تصدیق کی ہے جبکہ سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے چھبیس فوجیوں کے مارے جانے کا اعتراف کیا ہے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جنگی کشتیوں نے الحدیدہ کے ساحلوں کے قریب یمنی ماہیگیروں کی کشتیوں کو اپنے وحشیانہ حملوں کا نشانہ بنایا۔
اس دوران متحدہ عرب امارات کے ہیلی کاپٹر بھی علاقے پر پرواز کر رہے تھے تاکہ یمنی ماہیگیروں کو روزی اور روزگار سے محروم رکھا جا سکے۔
سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے مارچ دو ہزار پندرہ سے مشرق وسطی کے غریب اسلامی ملک یمن کو جارحیت کا نشانہ بنانے کے علاوہ اس کا زمینی، فضائی اور سمندری محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔
سعودی جارحیت کے نتیجے میں اب تک چودہ ہزار سے زائد یمنی شہری شہید جبکہ دسیوں ہزار زخمی ہوئے ہیں جبکہ کئی لاکھ افراد کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔