افغانستان میں امریکی فوجی حملہ، 3 عام شہری جاں بحق
مشرقی افغانستان میں ایک رہائشی علاقے پر امریکی فوجیوں کے حملے میں کم از کم تین عام شہری جاں بحق ہو گئے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق امریکی فوجیوں کا یہ حملہ مشرقی افغانستان کے صوبے ننگرہار میں خوگیانی کے علاقے قیوم خیل کے رہائشی علاقے میں کیا گیا - اس حملے میں تین افراد جاں بحق اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔ امریکی فوجی، افغانستان میں رہائشی علاقوں، تعلیمی مراکز اور اسپتالوں پر بارہا حملے کرتے رہے ہیں جن میں اب تک ہزاروں افراد جاں بحق اور زخمی ہو چکے ہیں۔افغانستان کے رہائشی علاقوں پر امریکی فوجیوں کے حملوں پر افغان عوام میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے اور وہ اپنے ملک سے امریکی فوجیوں کے انخلا کا مطالبہ کرتے رہتے ہیں۔مشرقی افغانستان کے صوبے نورستان کے عوام نے بھی امریکہ مخالف مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرمپ مردہ باد کے شدید نعرے بھی لگائے۔پیر کے روز افغان عوام کے امریکہ مخالف مظاہرے میں لوگوں نے افغانستان کے رہائشی علاقوں پر امریکی فوجی حملوں کی شدید مذمت کی اور قصور وار امریکی فوجیوں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔صوبے نورستان کے علاقے وائیگل پر بھی امریکی ڈرون حملے میں چھے عام شہری مارے گئے ہیں۔افغان مظاہرین نے رہائشی علاقوں پر امریکی فوجیوں کے حملوں میں عام شہریوں کے ہونے والے جانی نقصان سے متعلق عالمی برادری کی خاموشی پر کڑی تنقید بھی کی۔واضح رہے کہ افغانستان کے مختلف علاقوں منجملہ لوگر، خوست، ننگرہار اور نورستان کے مختلف رہائشی علاقوں پر امریکی فوج کے حملوں میں سینکڑوں افراد جاں بحق و زخمی ہوئے ہیں۔