افغانستان میں غیر ملکیوں کا اغوا اور قتل
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں3 غیر ملکیوں کو اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا ہے۔
افغان پولیس حکام نے 3 غیر ملکیوں کے قتل کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تینوں افراد کو گزشتہ صبح اغوا کیا گیا، قتل کیے جانے والے غیر ملکیوں کا تعلق ہندوستان، مقدونیہ اور ملائیشیا سے ہے۔
کابل پولیس کے ترجمان کا کہنا ہےکہ تینوں غیر ملکیوں کو کابل میں ان کی گاڑی سے اغوا کیا گیا اور بعد میں ان کی لاشیں ضلع موسوی سے ملیں، اس واقعے کی تحقیقات کرنے والے اہلکاروں نے بتایا کہ غیر ملکی شہری اپنی گاڑی میں ایئر پورٹ جا رہے تھے جب انھیں اغوا کیا گیا، ابھی تک کسی گروپ نے ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔
ادھرہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک غیر ملکی کمپنی میں ملازم ہندوستانی شہری سمیت تین افراد کے اغوا اور قتل پر غم و غصےکا اظہار کرتے ہوئےاس واقعہ کی سخت مذمت کی ہے۔
دوسری جانب افغانستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے سے 3بچے جاں بحق اور2 افراد زخمی ہو گئے، واقعہ صوبہ قندھار میں پیش آیا جہاں موٹر سائیکل پر سوار افراد سڑک کنارے لگی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئے۔
ادھراقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ افغانستان کے شہر جلال آباد میں مہاجرین سینٹر پر کیے گئے حملے میں15افراد کے ساتھ ایک اقوام متحدہ کا اہلکار بھی مارا گیا ۔ اس حملے کی ذمے داری داعش نے قبول کی تھی۔