شامی حکومت نے دہشت گردی کو پھیلنے سے روک دیا ہے
شام کے صدر بشار اسد نے کہا ہے کہ حقائق سے دوری اختیار کرنا مغربی ملکوں کی سب سے بڑی غلطی ہے۔
دمشق میں پولش وفد سے بات چیت کرتے ہوئے صدر بشار اسد نے کہا کہ کسی بھی حکومت کے قومی مفادات کے تحفظ اور ملت کے دفاع کی منصوبہ بندی کے لیے حقائق کا ادراک بے انتہا ضروری ہوتا ہے۔شام کے صدر نے اس ملاقات میں اپنی قوم کے خلاف پچھلے سات برس سے مسلط کی جانے والی جنگ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ میں مختلف طرح کے ہتھکنڈے استعمال کیے گئے جن میں دہشت گردی سے لیکر براہ راست فوجی حملے اور ظالمانہ اقتصادی پابندیاں شامل تھیں۔
پولش وفد نے اس موقع پر کہا کہ شامی فوج، حکومت اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ کرکے، یورپ سمیت دنیا بھر کے ملکوں میں دہشت گردی کی منتقلی کا راستہ روک دیا ہے۔
پولش وفد نے امید ظاہر کی کہ شام کی حکومت دہشت گردی کی مکمل بیخ کنی میں کامیاب ہوجائے گی۔