پاک و ہند میں جشن عید میلاد النبی(ص)
پاکستان اور ہندوستان میں جشن عید میلاد النبی(ص) انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔
پاکستان اور ہندوستان میں جشن عید میلاد النبی(ص) کے موقع پر چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس نکالے جا رہے ہیں جب کہ ہر چھوٹے بڑے شہر، قصبے ، کوچے، بازار، چوراہے برقی قمقموں سے منورکیے گئے ہیں اور ہر سو پرچموں کی بہار ہے، اس کے علاوہ اہم سرکاری، نیم سرکاری اور نجی عمارتوں، مارکیٹوں اور بازاروں کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیاہے۔
جشن عید میلاد النبی(ص) کے موقع چھوٹے بڑے شہروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس اور ریلیوں کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کے خصوصی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔
عید میلاد النبی(ص) کو مسلم امہ نہایت عقیدت و احترام سے مناتی ہے اور دنیا بھر کے مسلمان اس موقع پر اپنے پیارے نبی (ص) کی سیرت مبارکہ پر چلنے کا عہد کرتے ہیں۔ حضور پرنور(ص) نے مسلمانوں کو محبت، بھائی چارے، اخوت، عفوودرگزر کا درس دیا۔
جشن عید میلاد النبی(ص) مناتے ہوئے آنحضورؐ سے محبت کے اظہار کے ساتھ اسوۂ حسنہ کی پیروی کرنے کے عزم کا اعادہ بھی ضروری ہے، آج مسلم امہ جس زبوں حالی کا شکار ہے اس کا ایک سبب اسلامی تعلیمات اور اسوۂ حسنہ سے دوری بھی ہے۔
طاغوتی طاقتیں مسلمانوں کی قوت کا شیرازہ بکھیرنے کے لیے متحرک ہیں، اسلامی مملکتوں کو باہمی تنازعات اور تفرقوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دنیا بھر کے مسلمانوں کی اجتماعی بھلائی کے لیےﷲ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنا ہوگا۔ اسی بات کے پیش نظر بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی(رح) نے 12 سے 17 ربیع الاول کے ایام کو ہفتہ وحدت کا نام دیا تا کہ مسلمان پورے ہفتے جشن عید میلاد النبی(ص) اتحاد و اتفاق سے منائیں اورمسلمانوں کے مابین تفرقہ ڈالنے والے عناصر کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔