Jul ۲۲, ۲۰۲۱ ۲۳:۴۶ Asia/Tehran
  • صیہونیوں کی ڈھٹائی عروج پر، صیہونی آبادکاری کو برقرار رکھنے کا اعلان کیا

صیہونی وزیر جنگ نے تمام تر ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت فلسطین کے مغربی کنارے میں صیہونی بستیوں کو باقی اور انہیں مزید تقویت دینے کے لئے کام کرتی رہے گی۔

فلسطینی نیوز ایجنسی سما کے مطابق صیہونی وزیر جنگ بینی گانٹز نے جمعرات کے روز صیہونی حکومت کی نئی کابینہ میں شامل میرتس پارٹی کے ارکان سے ملاقات کی جس میں صیہونی حکام نے غاصب ریاست کے سکیورٹی اور سیاسی مسائل کا جائزہ لیا۔

اس نشست میں بینی گانٹز نے ایویاتار علاقے میں صیہونی کالونیوں کی تعمیر کے حوالے سے دعوا کیا کہ یہ معاملہ بقول انکے صرف قانون کے مطابق آگے بڑھے گا اور علاقے کی میپنگ کے بعد اس بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ صیہونی حکومت کی کابینہ مغربی کنارے میں صیہونی بستیوں کو باقی رکھے گی اور وہان موجود مقامی کونسلوں کو مزید مضبوط بنائیں گی۔

صیہونی وزیر اعظم نفتالی بینت نے بھی کابینہ کی تشکیل کے بعد اعلان کیا تھا کہ انکی حکومت کسی قیمت صیہونی آبادکاری کا سلسلہ نہیں روکے گی۔

خیال رہے کہ خودساختہ صیہونی ریاست کی نئی کابینہ نے تیرہ جون کو اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا اور اُس نے صیہونی بستیوں کی توسیع کے حوالے سے اپنے پہلے اقدام میں ۲۴ جون کو فلسطین کے مغربی کنارے میں مزید کالونیوں کی تعمیر کے ۳۱ منصوبوں کو منظوری دے دی تھی۔

 

ٹیگس