Oct ۲۴, ۲۰۲۱ ۲۲:۱۹ Asia/Tehran
  • بن سلمان اپنے ہی وزیر کی جان کے دشمن بنے

سعودی عرب کے سابق وزیر اور انٹیلیجنس افسر کا کہنا ہے کہ موجودہ ولیعہد مجھے قتل کر دینا چاہتے ہیں۔

کینیڈا میں مقیم سعودی عرب کے سابق وزیر نے سعودی ولیعہد کی جانب سے ان کے قتل کی بات کہی ہے۔

2017 میں سعودی عرب سے بھاگ کر کینیڈا میں جلاوطنی کی زندگی گزارنے والے سعد الجبری نے کہا کہ سعودی عرب کے ولیعہد محمد بن سلمان نے وہاں میرے بچوں کو یرغمال بنا رکھا  ہے اور وہ مجھے قتل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

سعودی عرب کے سابق وزیر داخلہ نے یہ باتیں امریکی ٹی وی چینل سی بی ایس کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی ہیں۔ سعد الجبری کے بیٹے خالد الجبری نے ٹویٹ کیا کہ اپنے بچوں کو آزاد کرنے کی مسلسل چار سال کی ناکام کوششوں کے بعد اب میرے والد نے اپنی خاموشی توڑنے کا عزم کر لیا ہے۔

سعد الجبری کے بیان پر، واشنگٹن میں سعودی سفارت خانے نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ الجبری کوئی سچے انسان نہیں ہیں۔ اس بیان کے مطابق سعد الجبری اپنے آپ کو اربوں ڈالر کی کرپشن سے بچانے کے لیے ایسے بیانات دے رہے ہیں۔

بتایا جا رہا ہے کہ سعد الجبری اس وقت سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے ایک پیچیدہ مسئلہ بن گئے ہیں۔ وہ اس وقت انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کے تحت کینیڈا میں مقیم ہیں۔

ٹیگس