بچوں کے اسپتال پر حملہ، اخلاقی زوال اور جنگی جرم: ایرانی وزارت خارجہ
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i454016-بچوں_کے_اسپتال_پر_حملہ_اخلاقی_زوال_اور_جنگی_جرم_ایرانی_وزارت_خارجہ
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایران کے اہواز شہر میں واقع کینسر میں مبتلا بچوں کے خصوصی اسپتال کے انتہائی قریب امریکیوں کی بمباری کو اخلاقی زوال، انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور جنگی جرم قرار دیا ہے۔
(last modified 2026-07-16T16:59:45+00:00 )
Jul ۱۶, ۲۰۲۶ ۲۰:۲۹ Asia/Tehran
  • بچوں کے اسپتال پر حملہ، اخلاقی زوال اور جنگی جرم: ایرانی وزارت خارجہ

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایران کے اہواز شہر میں واقع کینسر میں مبتلا بچوں کے خصوصی اسپتال کے انتہائی قریب امریکیوں کی بمباری کو اخلاقی زوال، انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور جنگی جرم قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے اپنی تازہ ایکس پوسٹ میں لکھا ہے کہ جو لوگ بلا وقفہ انسانی حقوق کا ڈھنڈورا پیٹتے رہتے ہیں لیکن دانستہ طور پر اسپتالوں اور طبی مراکز کو نشانہ بناتے ہیں وہ اپنا اخلاقی اعتبار کھو چکے ہیں۔

اسماعیل بقائی نے جمعرات کو جاری ہونے والے اس پیغام میں لکھا کہ اس حملے سے طبی مراکز اور اسپتالوں پر اسرائیل کے حملوں کی یاد تازہ ہوگئی۔

انہوں نے لکھا کہ [امریکہ نے] اسپتال میں زیرعلاج بچوں کو شدید پریشانی اور گھبراہٹ سے دوچار کیا اور [اس کے نتیجے میں] مذکورہ خصوصی طبی مرکز میں کیموتھیراپی کروانے والے 211 بیمار بچوں کو ہنگامی طور پر [دوسرے اسپتالوں میں] منتقل کرنا پڑا۔

اسماعیل بقائی نے دوٹوک الفاظ میں لکھا کہ امریکہ کا یہ اقدام، ایک بزدلانہ حرکت اور بے گناہ بچوں کے خلاف جنگی جرم کا منہ بولتا ثبوت ہے جو پوری دلیری کے ساتھ اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ امریکہ نے بدھ 16 جولائی 2026 کو ایران کے جنوب مغربی شہر اہواز میں واقع بچوں کے کینسر کے علاج کے لیے مخصوص اسپتال کے قریب شدید بمباری کی جس کے نتیجے میں اسپتال کی عمارت متاثر اور زیر علاج بچوں کو ہنگامی طور پر دیگر اسپتالوں میں منتقل کرنا پڑا۔

ہمیں فالو کریں:  

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel