Apr ۲۶, ۲۰۲۳ ۰۸:۴۴ Asia/Tehran
  • لیبیا کے قریب تارکین وطن کی مزید دو کشتیاں الٹ گئیں، 57 افراد جاں بحق

لیبیا کے قریب بحیرہ روم میں تارکین وطن کی دو کشتیاں الٹنے سے پاکستانیوں سمیت 57 افراد جاں بحق ہوگئے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق لیبیا کے ساحلی علاقے میں تارکین وطن کی دو کشتیاں ڈوبنے سے 57 افراد جاں بحق اور متعدد لاپتا ہو گئے۔ لیبین کوسٹ گارڈ کے مطابق ان میں سے ایک بچے سمیت 11 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ حادثے کا شکار کشتیوں کے 4 مسافر تیر کر ساحل تک آنے میں کامیاب ہو گئے۔

کشتیوں میں سوار تارکین وطن کا تعلق پاکستان، بنگلہ دیش، مصر، شام اور تیونس سے بتایا جا رہا ہے۔ ایک عینی شاہد کے مطابق ڈوبنے والی ایک کشتی میں تقریباً 80 افراد سوار تھے، ریسکیو حکام نے جائے وقوعہ سے مزید لاشیں نکالے جانے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے مطابق رواں سال کے ابتدائی تین ماہ میں 441 تارکین وطن یورپ جانے کی کوشش کے دوران بحیرۂ روم کو عبور کرتے ہوئے ڈوب چکے ہیں جو تین ماہ کے عرصے کے دوران گزشتہ چھ سالوں میں سب سے زیادہ اموات ہیں۔

واضح رہے کہ 2011 میں معمر قذافی کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد سے لیبیا، یورپ جانے کی کوشش کرنے والے اکثر افریقی تارکین وطن کے لیے روانگی کا مرکزی مقام بن گیا۔

بتایا جاتا ہے کہ اٹلی نے گزشتہ دو دنوں میں وسطی بحیرۂ روم میں تقریباً 1600 تارکین وطن کو لے جانے والی 47 کشتیوں کو بچایا اور انہیں لامپیڈوسا جزیرے میں ساحل پر پہنچایا۔

ٹیگس