Nov ۱۱, ۲۰۲۳ ۱۸:۱۳ Asia/Tehran
  • استقامتی محاذ کے مجاہدین  بلا خوف و خطر فرنٹ لائن پر دشمن کا مقابلہ کررہے ہیں: سید حسن نصر اللہ

سید حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ استقامتی تحریک کو ہر میدان میں کامیابی مل رہی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: لبنان کی عوامی تحریک حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے یوم شہداء کے موقع پر اپنے خطاب میں قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ استقامتی محاذ کو ہر میدان میں کامیابی مل رہی ہے اور اگر آج لبنان اور فلسطین میں استقامتی محاذ کی طاقت ہے تو وہ  یقینی طور پر ایران کے دلیر اور بہادر حکمرانوں کے منطقی موقف اور شہید قاسم سلیمانی کی عظیم قربانی کی وجہ سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اپنے ٹھوس موقف پر قائم ہے اور اگر استقامتی محاذ کی جانب سے امریکہ اور اسرائیل پر حملہ ہوتا ہے تو امریکہ ایران پر اس کا الزام عائد کر کے ایران کو دھمکی دیتا ہے۔

سید حسن نصراللہ نے کہا کہ طوفان الاقصی آپریشن جاری ہے اور استقامتی محاذ نے دشمن کے مختلف ٹھکانوں پر حملہ کیا اور دشمن پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوا اور استقامتی محاذ کی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔

حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ آج آپ کے بھائی اور بیٹے بلا خوف و خطر فرنٹ لائن پر جاکر دشمن کا مقابلہ کررہے ہیں اور وہ شہادت پسندانہ کارروائیاں انجام دے رہے ہیں اور اس سے پتہ چلتا ہے کہ ہمارے مجاہدین کتنے بہادر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  لبنان کے محاذ پر استقامتی محاذ کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے اور استقامتی محاذ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حملہ آور ڈرون کا استعمال کیا گیا اور وہ 200 سے 500 کلو تک دھماکہ خیز مواد صیہونیوں پر گراتے ہیں اور اسرائیل نہیں بتا رہا کہ اسے اب تک کتنا جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔

سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ ان جرائم میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، یہ بڑے جرائم اسرائیل کی وحشیانہ انتقامی فطرت کی عکاسی کرتے ہیں۔

فلسطینیوں کی جانب سے طوفان الاقصیٰ آپریشن کے آغاز کے بعد حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل کی یہ دوسری تقریر ہے۔

ٹیگس