ماہ محرم ماہ عزا کی آمد کے ساتھ ہی غلاف کعبہ تبدیل، ہر طرف یا حسین کی صدائیں
محرم الحرام کا چاند نظر آنے اور نئے اسلامی سال کا آغاز ہوتے ہوئے ہی غلاف کعبہ کو تبدیل کر دیا گیا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: ماہ محرم ماہ عزا اور شمشیر پر خون کی فتح کے مہینے کا آغاز ہوتے ہی جہاں عزاداری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے وہیں نئے اسلامی سال یعنی محرم الحرام 1446 ہجری کے آغاز کے ساتھ مکۃ المکرمہ میں مسجد الحرام کی انتظامیہ اور الحرمین الشریفین کی جنرل پرزیڈنسی نے غلاف کعبہ کو تبدیل کر دیا۔
کسوہ کو تبدیل کرنے کیلئے 159 تکنیکی ماہرین اور کاریگروں کو شامل کیا گیا، غلاف کعبہ کی تبدیلی کے وقت مسجد الحرام میں روح پرور مناظر دیکھنے کو ملے، ہزاروں کی تعداد میں نمازی اور زائرین موجود تھے جو اس روح پرور منظر کو دیکھ رہے تھے۔
غلاف کعبہ کے کپڑے کی پانچ مختلف حصوں میں سلائی کے بعد اس کے زیریں حصے کو تانبے کے کڑوں کے ذریعے جوڑا جاتا ہے، غلاف کعبہ 1446ھ کا وزن 850 کلو گرام ہے، یہ 98 سینٹی میٹر چوڑا اور 14 میٹر اونچا ہے، شاہ عبدالعزیز کمپلیکس میں غلاف کعبہ کی تیاری کیلئے لگ بھگ 670 کلو گرام ریشم کو سیاہ رنگ میں رنگا جاتا ہے۔
غلاف کعبہ کو قرآنی آیات سے بھی سجایا جاتا ہے جنہیں سونے اور چاندی کے دھاگوں سے بُنا جاتا ہے، اس عمل میں 120 کلو گرام سونا اور 100 کلو گرام چاندی استعمال ہوتی ہے۔