Jul ۲۰, ۲۰۲۴ ۱۹:۴۰ Asia/Tehran
  • بنگلا دیش میں امن و امان کی صورتحال مزید خراب، خلاف ورزی کرنے والوں کو گولی مارنے کا حکم

بنگلا دیش میں سرکاری ملازمتوں کے کوٹہ سسٹم کے خلاف احتجاج اور پرتشدد مظاہروں کے باعث کرفیو نافذ ہےاور فوج کو امن و امان کی خلاف ورزی کرنے والوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دے دیا گیا۔

سحرنیوز/ عالم اسلام: موصولہ خبروں کے مطابق عوامی لیگ کی حکومت نے مظاہرے روکنے کے لیے ملک بھر میں کرفیو نافذ کردیا ہے، سڑکوں پر فوج  گشت کر رہی ہے اور امن و امان کی خلاف ورزی کرنے والوں کو  دیکھتے ہی گولی مارنےکا حکم دے دیا گیا ہے۔ حکومت کے اگلے فیصلے تک کرفیو کل صبح 10 بجے تک نافذ  رہےگا۔  بنگلادیش میں پانچ روز سے جاری پُرتشدد مظاہروں میں اموات کی تعداد 123 ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ بنگلادیش میں 1971 کی جنگ لڑنے والوں کے بچوں کو سرکاری نوکریوں میں 30 فیصد کوٹہ دیے جانے کے خلاف گزشتہ کئی روز سے طلبہ کا احتجاج جاری ہے اورکوٹہ سسٹم مخالف طلبہ کی پولیس اور حکمراں جماعت عوامی لیگ کے طلبہ ونگ سے جھڑپیں ہورہی ہیں۔

پورے بنگلادیش میں انٹرنیٹ اور ٹیکسٹ میسج سروسز جمعرات سے معطل ہیں، اور اوورسیز ٹیلی فون کال سروس بھی تعطل کا شکار ہے، بنگلہ دیشی میڈیا کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا اکاؤنٹ اپ ڈیٹ نہیں ہو رہے ہيں- کشیدہ صورتحال کے باعث وزیراعظم حسینہ واجد نے بیرون ملک دورے منسوخ کر دیے ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق بنگلہ دیشی سپریم کورٹ میں کوٹہ سسٹم بحالی کے خلاف سماعت کل ہوگی۔

 

ٹیگس