لبنان: ایرانی سفارت خانے پر حملے میں ملوث گروہ کا سرغنہ گرفتار
Aug ۰۱, ۲۰۱۵ ۱۶:۲۹ Asia/Tehran
لبنان میں دہشت گرد گروہ کے ایک اور سرغنہ کی گرفتاری کی اطلاعات ہیں-
اطلاعات کے مطابق لبنانی سیکورٹی فورسز نے ایک مہینے کی خفیہ کارروائی کے بعد عبداللہ عزام نامی دہشت گرد گروہ کے سرغنہ ابوعائشہ اللبنانی کو گرفتار کر لیا ہے- یہ گروہ لبنان میں القاعدہ کا ایک ذیلی گروہ ہے جس نے بیروت میں ایرانی سفارت خانے کے سامنے بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی تھی- ابوعائشہ اللبنانی پر شمال مشرقی لبنان کے سرحدی علاقے عرسال میں فوجی مراکز کے خلاف تخریبی کارروائی، دہشت گرد گروہ جبہۃ النصرہ کی رکنیت، لبنانی جیل رومیہ پر حملے اور جیل میں بند دہشت گردوں کی رہائی کے سودے کے لئے لبنانی فوجیوں کو اغوا کرنے کے الزامات ہیں- اس سے پہلے عبداللہ عزام گروہ کے سعودی سرغنہ ماجد الماجد کو دسمبر دو ہزار تیرہ میں لبنان کی سیکورٹی فورسز نے گرفتار کیا تھا لیکن کچھ ہی عرصے بعد اس کی مشکوک حالات میں موت ہونے کی خبر آئی تھی- انیس نومبر دو ہزار تیرہ کو بیروت میں ایرانی سفارت خانے کے سامنے ہونے والے بم دھماکوں میں پچیس افراد مارے گئے تھے اور ایک سو پچاس سے زیادہ زخمی ہوئے تھے-