صیہونی حکومت بدستور فلسطینیوں کے گھروں کو منہدم کر رہی ہے
Aug ۱۳, ۲۰۱۵ ۲۰:۵۳ Asia/Tehran
مشرقی بیت المقدس میں صیہونی حکومت فلسطینیوں کے گھروں کو مسمار کر رہی ہے۔
فلسطینی پریس سنٹر کے مطابق صیہونی حکومت نے مشرقی بیت المقدس میں فلسطینیوں کے بیس گھروں کو منہدم کرنے کے احکامات ان گھروں کے فلسطینی مالکوں کو دے دئے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ فلسطینیوں کے یہ گھر آئندہ تین دنوں میں منہدم کر دئے جائیں گے۔ اس رپورٹ کے مطابق ان بیس گھروں میں جنہیں صیہونی حکومت تباہ کرنا چاہتی ہے ایک سو ستر فلسطینی زندگی گذار رہے ہیں۔ صیہونی حکومت ان گھروں کو منہدم کر کے فلسیطنیوں کو کوچ کرنے پر مجبور کرنا چاہتی ہے تاکہ وہ اس علاقے میں مزید صیہونی کالونیاں تعمیر کر سکے۔ صیہونی حکومت اس سازش کے تحت مشرقی بیت المقدس میں فلسطینیوں کی ہزاروں مربع میٹر زمین غصب کرنا چاہتی ہے۔ ادھر مشرقی بیت المقدس کے باشندوں نے صیہونی حکومت کی ان جارحانہ سازشوں کا مقابلہ کرنے پر زور دیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ صیہونی حکومت فلسطینیوں کے گھروں کو مسمار کر کے اور صیہونی کالونیاں بنا کر ان علاقوں میں آبادی کا تناسب بگاڑنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ صیہونی اکثریت میں آ جائیں۔