اسرائیل کے ساتھ یکطرفہ جنگ بندی، جہاد اسلامی کا انتباہ
Aug ۱۶, ۲۰۱۵ ۱۰:۵۱ Asia/Tehran
فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کے ترجمان نے فلسطین کے سیاسی اتحاد اور ارضی سالمیت کو نقصان پہنچانے والی ہر کوشش کے بارے میں انتباہ دیا ہے۔
المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے ترجمان داؤد شہاب نے اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی سے متعلق منظر عام پر آنے والی رپورٹوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم فلسطین کے سیاسی اتحاد اور ارضی سالمیت کو نقصان پہنچانے والی ہر بین الاقوامی کوشش کے بارے میں انتباہ دے رہے ہیں۔ داؤد شہاب نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے بارے میں ہمارا موقف یہ ہے کہ اس کے بارے میں فلسطینیوں کو فیصلہ کرنا چاہئے اور اس فیصلے کا فلسطین کے قانونی اداروں کو جائزہ لینا چاہئے کیونکہ ہر طرح کی جنگ بندی میں فلسطینیوں کے قومی مطالبات اور خواہشات کا پیش نظر رکھا جانا ضروری ہے۔ تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے ترجمان داؤد شہاب کا کہنا تھا کہ غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ خفیہ اور یکطرفہ مذاکرات فلسطین کی تقسیم پر منتج ہوں گے اور ان سے فلسطین کی ارضی سالمیت کو نقصان پہنچے گا۔ دریں اثنا سیکڑوں فلسطینیوں نے ہفتے کے دن دریائے اردن کے مغربی کنارے میں جلوس نکال کر مطالبہ کیا کہ محمد اعلان کی شہادت کی صورت میں فلسطینی قیدیوں کی آزادی کے لئے انتفاضہ شروع کر دیا جائے ۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں فلسطین کے پرچم اور محمد اعلان کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور وہ نعرہ لگا رہے تھے کہ صیہونی حکومت ایک دہشت گرد حکومت ہے۔ مظاہرین نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ فلسطینی قیدیوں خصوصا محمد اعلان کے معاملے پر توجہ دے۔ واضح رہے کہ صیہونی حکومت کی جیل میں فلسطینی قیدی محمد اعلان کو بھوک ہڑتال کئے ہوئے ساٹھ سے زیادہ دن ہو چکے ہیں۔ ان کو صیہونی حکومت نے تحریک جہاد اسلامی کا رکن ہونے کے الزام میں گرفتار کر کے جیل میں قید کر رکھا ہے۔