Aug ۲۱, ۲۰۱۵ ۲۲:۱۱ Asia/Tehran
  • محمد علان کی کامیابی پوری دنیا کی کامیابی: جہاد اسلامی

فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی نے کہا ہے کہ محمد علان کی کامیابی پوری دنیا کی کامیابی ہے-

اطلاعات کے مطابق تحریک جہاد اسلامی کے سینئر رکن محمد الہندی نے جمعے کے روز فلسطینی قیدی محمد علان کے نام سے موسوم خصوصی کانفرنس میں کہا کہ محمد علان کی کامیابی پوری دنیا کی کامیابی ہے- انہوں نے کہا کہ فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی فلسطینی سرزمین کے بارے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور اس کی آزادی کے لئے اپنی مزاحمت جاری رکھے گی- انہوں نے کہا کہ محمد علان کی زندگی کی پوری ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہوتی ہے- تحریک جہاد اسلامی کے ایک اور سینئر رکن خالد البطش نے بھی کہا ہے کہ محمد علان نے اپنی بے مثال شجاعت و بہادری سے فلسطین کا سر بلند کر دیا ہے، اسی طرح جس طرح اب سے پہلے سامر عیساوی اور خضر عدنان نے یہ کام انجام دیا تھا- انہوں نے کہا کہ علان نے اپنی مزاحمت اور بہادری سے نہ صرف عارضی حراست کی پالیسی کا راستہ روکا بلکہ تمام قیدیوں کو آزادی کا راستہ بھی دکھایا- ادھر تحریک جہاد اسلامی کے ترجمان داؤد شہاب نے کہا ہے کہ اسرائیل ایک اور جنگ چھیڑنے کا بہانہ تلاش کر رہا ہے- واضح رہے کہ محمد علان نے اپنی حراست کے خلاف دو ماہ سے زیادہ عرصے تک بھوک ہڑتال کی تھی اور صیہونی حکومت کی طرف سے اپنی چھے سالہ عارضی حراست کے حکم کی منسوخی کے بعد، کہ جو ان کی آزادی کا پیش خیمہ شمار ہوتی ہے، بھوک ہڑتال ختم کر دی-