یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی عرب کے حملے جاری
Sep ۰۴, ۲۰۱۵ ۰۳:۵۲ Asia/Tehran
-
یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی عرب کے حملے جاری
سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے جمعرات کی رات بھی یمن کے مختلف علاقوں پر بمباری کی
یمن کے المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی لڑاکا طیاروں نے جمعرات کی رات یمن کے جنوبی صوبے البیضا اور ابین کے بیچ میں واقع مکیراس علاقے کو نشانہ بنایا اور اس علاقے کے عوام کو بھاری نقصان پہنچایا- سعودی لڑاکا طیاروں نے صوبہ صعدہ کے آل قرار اور صوبہ مارب کے ذات الراء علاقے پر بھی بمباری کی جس میں ہونے والے ممکنہ جانی اور مالی نقصان کے بارے میں ابھی کوئی رپورٹ نہیں ملی ہے-درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے جیزان کے سرحدی علاقے میں سعودی عرب کے ایک ٹینک کو تباہ کر دیا- ایک اور رپورٹ کے مطابق جیزان میں سعودی ٹھکانوں کی جانب یمنی فوجیوں کی پیشقدمی تیزی سے جاری ہے-
ان حالات میں اقوام متحدہ کے ترجمان نے جمعرات کو کہا ہے کہ اس ادارے کو یمن کے لئے ایندھن اور ضرورت کی دوسری اشیاء لے جانے والے تجارتی جہازوں کی تفتیش اور تلاشی کے کام کے لئے دس ملین ڈالر مدد کی ضرورت ہے- اسٹیفن دو جاریک نے کہا کہ ہم رکن ممالک کی جانب سے بجٹ فراہم کئے جانے کا انتظار کر رہے ہیں - انھوں نے مزید کہا کہ بجٹ کی فراہمی کے چند ہفتے بعد امدادی سامان لانے والے جہازوں کی تلاشی کا کام شروع کردیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ یمن کے عوام کے لئے بھیجے جانے والے امدادی سامان کی تلاشی اور جانچ پڑتال کا معاملہ ، یمن کے عوام کے لئے انسان دوستانہ امداد بھیجے جانے کی راہ میں سب سے بڑی روکاوٹ ہے-
ٹیگس